پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے لیے تاریخ رقم کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنادیا گیا۔
پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلے میں میڈلز جیتنے والوں کی تقریب آئفل ٹاور کے قریب چیمپئنز پارک میں ہوئی۔
اس موقع پرپاکستان کے لیے تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنایا گیا۔
تقریب میں گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو برانز میڈل دیا گیا، بھارت کے نیرج چوپڑا کو سلور میڈل دیا گیا۔
تقریب میں پاکستانی پرچم بلند کیا گیا اور قومی ترانہ بجایا گیا،اس موقع پر ارشد ندیم کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
پاکستان کے ہیرو ارشد ندیم کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو فروری 2016 میں ارشد ندیم نے بھارت کے شہر گوہاٹی میں ساؤتھ ایشین گیمز میں 78.33 میٹر کی تھرو کرکے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
اس کے بعد مئی 2017 کو باکو میں ہونیوالی اسلامی یکجہتی گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا۔
اپریل 2018 میں آسٹریلیا کی دولت مشترکہ کھیلوں میں 80.75 میٹر جیولن تھرو پھینک کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
اگست 2018 میں انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں کانسی کا تمغہ جیت کر ریکارڈ قائم کیا۔
قطرعالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2019 میں ارشد نے واحد پاکستانی کھلاڑی کے طور پر 81.52 میٹر کا نیا انفرادی قومی ریکارڈ بنایا۔
دسمبر 2019 میں نیپال میں ہونیوالے 13 ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں 86.29 میٹر گیمز کے ریکارڈ تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔
ارشد ندیم نے 2020 میں ٹوکیو اولمپکس جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا اور 84.62 میٹر تھرو کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔
ارشد ندیم کو اولمپکس کی تاریخ میں کسی بھی ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزازحاصل ہوا۔
جولائی 2022 میں ارشد ندیم امریکا میں ہونیوالی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں 86.16 میٹر کے تھرو کے ساتھ 5 ویں نمبر پر رہے۔
اگست 2022 کامن ویلتھ گیمز میں زخمی ہونے کے باوجود ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا۔
اگست 2022 کو ارشد ندیم نے اسلامی یکجہتی گیمز میں 88.55 میٹر کی تھرو کے ساتھ ریکارڈ بنایا۔
نومبر2022 کو لاہور میں ہونے والی 50 ویں قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیولن تھرو ایونٹ میں 81.21 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ارشد ندیم نے 2023 میں نیشنل گیمز آف پاکستان کے جیولن تھرو ایونٹ میں سونے کا ی تمغہ اپنے نام کیا۔
ارشد ندیم نے 2023 کو ہنگری کے دارلحکومت بوڈھاپسٹ میں ہونیوالی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 87.82 میٹر تھرو کے ساتھ سلور میڈل جیتا۔