اتوار کو سنگجانی جلسے میں قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ نون میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تھانہ نون میں درج ایف آئی آرمیں انسداد دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 11 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس میں پولیس پر حملے اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی دفعات بھی شامل ہیں۔
مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین، عامر مغل سمیت 70 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن مطابق ملزمان نے 26 نمبر چونگی کے قریب پولیس پر حملہ کیا، شعیب شاہین اور عامر مغل کی ہدایت پر روڈ بلاک کیا گیا، ڈنڈوں اور پتھروں سمیت راڈ سے پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا گیا۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑی کے شیشے توڑے گئے اور پولیس اہلکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا گیا اور ان سے اینٹی رائیٹ گن بھی چھین لی گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کر کے خوف اور دہشت پھیلائی گئی۔