اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے ایک بار پھر 15 اکتوبر پر ڈی چوک پر احتجاج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا،اجلاس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابقجس کے لیے مرکزی کمیٹی سے لے کر علاقائی سطح تک تمام تنظیمی ذمہ داران اور ونگز کو تیاریوں کی ہدایت کردی گئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایس سی او خوش اسلوبی سے آگے چلے گی، شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا، ہم مہمانوں کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت 12 ملکوں کے سربراہان آرہے ہیں، پاکستان کی عزت و تکریم میں بین الاقوامی سطح پر اضافہ ہوگا اور ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں چین، روس اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔