اسلام آباد: سینئر رہنما پیپلز پارٹی سید خورشید شاہ کی زیرصدارت پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 26 وین آئینی ترمیم کے مسودے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ خصوصٰ کمیٹی کے اجلاس میں مسودے کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق مجھے علم نہیں، سمندر پار پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی تجویز پر بھی اتفاق کرلیاگیا۔
سید خوید شاہ کا کہنا تھاکہ خصوصی کمیٹی سے منظور شدہ مسودہ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ اور کابینہ کی منظوری کے بعد اس مسودے کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی پیش کیا جائے گا ۔
خیبرپختونخوا کا نام پختونخوا کرنے کی شق شامل کرنے سے متعلق صحافی کے سوال پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دیگر تمام ترامیم اگلی قسط میں آئیں گی ۔
خورشید شاہ کا مزید کہنا تھاکہ اجلاس میں پی ٹی آئی رہنما بھی موجود تھے، اوورسیزپاکستانیوں کوالیکشن لڑنے کا حق دینے کا نکتہ پی ٹی آئی نے اٹھایا، کمیٹی نے وفاقی کابینہ کوتجویزدی ہےکہ اوورسیزپاکستانیوں کا الیکشن لڑنےکا حق ترمیم میں لیں۔
پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جو ڈرافٹ سامنے رکھا گیا پوائنٹ ٹو پوائنٹ اس پر سارے متفق ہوئے، بل پر دستخط کسی کے نہیں ہوئے،کمیٹی میں پیش کیا گیا اور کمیٹی میں سب نے ہاتھ اٹھا کر متفقہ طور پر منظورکیا۔