اسلام آباد: (اخبار خیبر) پاکستان تحریک انصاف کے دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو مبینہ طور پر چھڑوانے کے لیے نامعلوم افراد نے قیدیوں کی وین پر حملہ کردیا اورمتعدد قیدی فرار ہوگئے۔تاہم آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے تمام ملزمان کی دوبارہ گرفتاری کا دعوی کیا ہے ۔
آئی جی علی ناصر رضوی کے مطابق تین قیدی وینز میں 82 ملزم موجود تھے، ملزموں کو پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جا رہا تھا، سنگجانی ٹول پلازہ کے پاس نامعلوم ملزمان قیدی وین پر حملہ آور ہوئے۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ فرار ہونے والوں میں 2 ایم پی اے بھی شامل تھے جنہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، حملہ آوروں کی تعداد 18 سے 20 تھی جن میں ایک ایم پی اے کا بیٹا بھی شامل تھا اور پولیس نے چار حملہ آوروں کو بھی گرفتار کیا ہے جن میں ایم پی اے کا بیٹا، ایک پولیس اہلکار اور 2 دیگر ملزمان شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی وینز کے سنگ جانی ٹول پلازہ پہنچنے پر پہلے سے موجود ملزمان نے فائرنگ کی اور حملے میں ملزمان نے فائرنگ کرکے قیدیوں کی گاڑی کے ٹائر برسٹ کیے۔
پولیس ذرائع نے بتایاکہ ملزمان کی فائرنگ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔