خیبر پختونخوا میں کئی سابق افسران کے پاس ایک سے زائد سرکاری گاڑیاں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سابق افسران نے مجموعی طور پر 70 سے زائد قیمتی گاڑیوں پر غیر قانونی طور پر قبضہ جما رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز کے متعدد سابق سیکرٹریز و ڈائریکٹر جنرل اور سابق افسران میں سے کئی ایک تین گاڑیاں رکھتے ہیں اور کچھ کے پاس دو گاڑیاں ہیں۔ محکمہ ایکسائز نے لسٹیں تیار کرکے انٹیلی جنس سمیت ایکسائز کے تمام اسکواڈز کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
پہلے مرحلے میں غیرمتعلقہ افسران سے رابطہ کرکے انہیں گاڑیاں واپس کرنے کی ہدایات کی گئی ہے تاہم گاڑیاں واپس نہ کرنے پر متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں شروع کرنے کا کہا گیا ہے۔ گاڑیاں واپس نہ کرنے پر افسران سے ریکوری کیلئے ان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سیکرٹری ایکسائز نے عملے کو گاڑیوں میں موجود فیملی ارکان کے ساتھ رویہ مثبت رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
سیکرٹری ایکسائز فیاض علی شاہ کے مطابق ایکسائز گاڑیوں کی ریکوری میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔