بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش پر کیخلاف متعدد علاقوں میں مقدمات درج کرلیے گئے۔
ملتان میں بشری بی بی کیخلاف تھانہ قطب پورمیں شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے کے متن کے مطابق بشری بی بی نے لوگوں کے مذہبی جذبات ابھارنےکی کوشش کی۔
دوسری جانب راجن پور میں بھی بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، تھانہ محمد پور میں مقدمہ شہری خام سیدانی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے کے مطابق بشریٰ بی بی نے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی۔
قبل ازیں گزشتہ روز بشریٰ بی بی کے ویڈیو بیان پر ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ بشریٰ بی بی کے خلاف ایف آئی آر ڈیرہ غازی خان میں درج کی گئی ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے لوگوں کو ورغلانے کے لیے نفرت انگیز بیان دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھاکہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے توباجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں، باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔