پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے۔صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کی گئی اس اطلاع کے مطابق صوبے میں دہشت گرد گروہ عوامی جلسوں اور جلوسوں کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
تھریٹ الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ دہشت گرد گروہ ممکنہ طور پر سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کے دوران عوامی اجتماعات کو نشانہ بنا سکتے ہیں، جس سے شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی سماجی یا سیاسی سرگرمی میں شریک ہونے سے گریز کریں اور اپنے اجتماعات کو محدود رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ حکومت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عوام اپنے گھروں تک محدود رہیں اور اپنے اہل خانہ کو بھی محفوظ رکھنے کی کوشش کریں۔
خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
حکام نے یہ بھی کہا کہ عوام کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا فرد کو فوراً متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔