کمشنرکوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ شاہ کی سربراہی میں ضلع کرم میں پائیدار امن کے لیےگرینڈ جرگہ ہوا، فریقین کے 100 سے زیادہ عمائدین نےگرینڈ جرگے میں شرکت کی ۔
کمشنر کوہاٹ کے مطابق دونوں قبائل کے عمائدین نے ضلع کرم میں غیرمعینہ مدت تک سیز فائرپر اتفاق کیا ہے۔
گرینڈ جرگہ کے ارکان نے فریقین سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں کیں اورکئی گھنٹوں کی طویل مشاورت کے بعد اس بات پر متفق ہوگئے کہ ضلع کرم میں جنگ بندی غیر معینہ مدت تک کیلئے ہوگی ۔
فریقین نے عہد کیا کہ جنگ یا جھگڑے سے کسی مسئلے کاحل ممکن نہیں اور عشروں پر محیط اس مسئلے کے مستقل اورپائیدار حل کے لیے وقت ضرور درکار ہوگا تاہم اس کے لیے دونوں جانب سے اخلاص اور اعتماد کی ضرورت ہوگی۔
فریقین نے یہ بھی عہد کیا کہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل اور علاقے کے امن کی خاطر ضلع کرم میں مکمل اورپائیدار امن کے قیام تک بیٹھے رہیں گے اوریہاں سے امن کا پیغام لے کر اپنے علاقوں کو جائیں گے۔
کمشنر کوہاٹ کا کہنا ہےکہ فریقین نے پائیدار امن کے قیام تک ساتھ بیٹھے رہنےکا عزم کیاہے،اب علاقے میں ہر صورت حکومتی عملداری یقینی بنائی جائےگی۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے تصدیق کی ہے کہ کرم کے دونوں فریق کے درمیان غیر معینہ مدت تک جنگ بندی پراتفاق ہوگیا ہے،گرینڈ جرگہ کے دونوں فریق کے 100 سے زیادہ افراد کی مشترکہ نشست منعقد ہوئی ۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ گرینڈ جرگہ کے حتمی فیصلے تک مورچے خالی کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے، گرینڈ جرگہ کے ارکان نے دونوں فریقین سے انفرادی اوراجتماعی ملاقاتیں کیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے گرینڈ جرگے کی کوششوں کو سراہا، وزیراعلی کی مخلصانہ کوششوں سے علاقے میں امن بحال ہوا ہے ۔