کراچی: لیاری کے فٹبال گراؤنڈ میں پنک فٹبال ایونٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوامیں صورت حال مخدوش ہے، صوبے کے عوام کی مشکلات دورکرنے کی ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی ہم آہنگی پیدا کرنے ضرورت ہے، سیاسی قوتوں کے درمیان بات چیت ہی درپیش چیلنجز سے نمٹنےکا واحد اور مؤثرذریعہ ہے، اس وقت ملک میں معاشی اورسیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں سیاسی ہم آہنگی پیدا کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے نوجوانوں کو ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں، موجودہ ملکی حالات میں سیاسی جماعتوں قوتوں کے درمیان بات چیت ہی درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا واحد اور مؤثر حل ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کواقدامات کرنے چاہیے تھے، خیبرپختونخوا حکومت عوامی مسائل کے حل کی بجائے انتہا پسندانہ سیاست میں مصروف ہے۔ خیبرپختونخواکے عوام کا پیسہ ان کوریلیف فراہم کرنے کے لیے خرچ ہوناچاہیے۔ خیبرپختونخوا حکومت کی انتہا پسند سیاست کا خمیازہ صوبے کے عوام بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی سوچ والےلوگ ہیں جو نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، ایسی سوچ والےلوگ موجود ہیں جو نوجوانوں کے مستقبل کوتباہ کرنا چاہتے ہیں، میں اپنے نوجوانوں کو ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں میں اور آپ مل کراس ملک کے نوجوانوں کی ترقی کا بندوبست کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کوآل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کے لیے دعوت دی گئی مگر وہ نہیں آئے، ہم خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل کے حل کےلیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔