اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی کال ملک دشمنی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ سول نافرمانی کی کال کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سول نافرمانی سے بڑی ملک دشمنی کوئی نہیں ہوسکتی، اسلام آباد پر چڑھائی کرکے ملک کے خلاف سازش کی گئی تھی، حکومت کو ہدایت کردی ہے کہ اس سازش کے ذمہ داروں کو ثبوتوں کے ساتھ کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور کسی بے قصور کو ہاتھ نہ لگایا جائے۔
شام میں پاکستانیوں کے انخلا کے لیے وزارت خارجہ اور سفارتخانہ رابطے میں رہا، شام سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے کل شام کو لبنان کے وزیراعظم سے بات کی، لبنان میں سفیر کو ہدایات دی گئیں۔
ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی استحکام پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اہم ہے، آذربائیجان کی پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہے، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کم ہو کر 3.5 فیصد پر آگئی ہے۔