پاکستان کے معروف بزنس مین عارف حبیب کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تاجروں سے ملاقاتوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تین ملاقاتوں میں کیے گئے زیادہ تر وعدے پورے ہو گئے ہیں اور آنے والے دنوں میں معیشت میں مزید بہتری کی توقع ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب نے کہا کہ شرح سود میں کمی کا خیرمقدم کرنا چاہیے کیونکہ یہ کاروباری طبقے کے لیے ایک خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس گنجائش موجود تھی اور بہتر ہوتا اگر شرح سود میں 3 فیصد کمی کی جاتی۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمی کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
عارف حبیب کا کہنا تھا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر کنٹرول کی وجہ سے روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تعمیراتی شعبے کا فروغ انتہائی اہم ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے تجویز دی کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لیے زرعی شعبے اور ریٹیلرز کو بھی اس میں شامل کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ستمبر میں آرمی چیف کی تاجروں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کیے گئے وعدے پورے ہوئے ہیں۔ آرمی چیف نے بتایا کہ دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں، اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے لیے اچھے منصوبے پیش کریں۔