راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے اڈیالہ جیل کے باہر مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس دوران پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سخت نعرہ بازی بھی کی ۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کا مقصد بانی پی ٹی آئی کو صوبے کے مسائل سے آگاہ کرنا ہے ۔
خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت 3 سال سے بلدیاتی نمائندوں کوفنڈ نہیں دے رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈزکی عدم دستیابی سے بنیادی مسائل کا شکار ہیں، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کو سلب کر رکھا ہے ۔
بلدیاتی نمائندوں نے کہا کہ محرومی کی وجہ سے بلدیاتی نمائندے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوئے ہیں، انہوں نے دھمکی دی کہ اڈیالہ جیل کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بھی احتجاج کریں گے ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کے پاس نہ فنڈز ہے اور نہ ہی کوئی اختیار اورصوبائی حکومت بلدیاتی نمائندوں کے مسائل حل کرنے میں غیر سنجیدہ ہے ۔