پاراچنار میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ پر کارروائی کرنے کے لیے تاجروں نے حکومت کو 3دن کی مہلت دے دی۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ریاست تاجروں کی حفاظت میں ناکام رہی۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ ریاست نے عوام کے جان و مال کی حفاظت نہیں کی۔ صدر ٹریڈ یونین اور سیکرٹری انجمن حسینیہ جلال حسین بنگش کا کہنا ہے کہ تین دن کے اندر کل واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں۔ تاجر رہنما حاجی رؤف کا کہنا تھا کہ بگن لوئر کرم میں مقامی شرپسندوں نے گاڑیوں پر حملہ کیا، اور گاڑیوں کو مختلف مقامات پر لے جا کر لوٹ لیا گیا، اس دوران 19 گاڑیوں کو لوٹنے کے بعد جلا دیا گیا ہے، لوٹ مار کا یہ سلسلہ دن سے شروع ہو کر رات تک جاری رہا۔
واضح رہے بگن لوئر کرم میں ٹل سے پاراچنار جانے والے 35 گاڑیوں پر حملہ کیا گیا، گاڑیاں سیکیوریٹی فورسز کی نگرانی میں روانہ کی گئی تھیں۔ تاجر رہنماوں کے مطابق 4 ڈرائیوروں کو بھی بے دردی سے قتل کیا گیا ہے جبکہ کچھ تاحال لاپتہ ہیں۔ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی فائرنگ سے 2 سیکیوریٹی اہلکار بھی شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے ہیں۔