گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پہلی پرواز اتری۔ اس کے ساتھ ہی ائرپورٹ مکمل طور پر فعال ہوگیا ہے۔
کراچی سے پرواز پی کے-503 نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی تو اسے واٹر باؤزر سے سلامی دی گئی۔ وزیر دفاع اور ہوا بازی خواجہ آصف نے گوادر پر پہلی کمرشل پرواز کا استقبال کیا۔ گوادر ایئرپورٹ پر اب ایئربس اور بوئنگ طیارے لینڈ کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سی پیک کا فیلگ شپ منصوبہ ہے جو سالانہ 4 لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ آج سے آپریشن شروع کرے گا۔ مسافروں کے علاوہ ایوی ایشن ڈویژن کے اعلیٰ افسران بھی افتتاحی پرواز میں موجود تھے۔
افتتاحی پرواز کی خوشی میں ایک مختصر تقریب بھی منعقد کی گئی ہے۔ جس میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن احسن علی منگی، ڈی جی پی اے اے ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کے ڈی جی میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی جی ندیم شاہد اور دیگر نے شرکت کی۔
یاد رہے نئے ایئرپورٹ کا افتتاح وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی وزیر اعظم لی کیانگ نے اکتوبر میں پاکستان کے دورے کے دوران کیا تھا۔