پشاور (حسن علی شاہ) پشتو کے نامور مزاحیہ اداکار میراوس طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے اور مردان میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج تھے۔
مرحوم میراوس، جن کا اصل نام حیات خان تھا، 1955 میں تحصیل تنگی، ضلع چارسدہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا مزاحیہ انداز بچپن سے ہی نمایاں تھا۔ اسکول کے زمانے میں ان کی پرفارمنسز دیکھنے کے لیے دیگر اسکولوں سے بھی لوگ آیا کرتے تھے۔
میراوس نے پشتو ڈراموں، ریڈیو، ٹی وی شوز اور اسٹیج پر مزاحیہ اداکاری کے ذریعے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ وہ 500 سے زائد کیسٹس اور 800 سے زیادہ پشتو مزاحیہ البمز ریلیز کر چکے تھے۔ ان کی منفرد مزاحیہ صلاحیتوں نے انہیں پشتو اسٹیج کا ایک معتبر نام بنا دیا۔
2018 میں انہوں نے اپنی دوسری کتاب "گپ د میرواس” شائع کی، جس میں طنزیہ و مزاحیہ شاعری کے ساتھ ساتھ مشہور پشتو اور اردو گانوں کی پیروڈی بھی شامل تھی۔
حالیہ برسوں میں انہیں ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض کا سامنا رہا۔ بیماری کی شدت کے باعث ان کی ایک ٹانگ کاٹی جا چکی تھی جبکہ ڈاکٹروں کے مطابق دوسری ٹانگ بھی خطرے میں تھی۔
میراوس کی نماز جنازہ آج بروز جمعہ صبح 10 بجے ان کے آبائی گاؤں تنگی میں ادا کی گئی۔
ان کے انتقال پر شوبز سے وابستہ افراد، مداحوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یاد رھے کہ مرحوم کی داد رسی خیبر ٹیلی ویژن کی جانب سے انکی وفات سے تقریبا ڈیڑھ ماہ قبل کی گئ، اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور انکے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔