ماسکو: روس نے افغان طالبان کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالتے ہوئے ان پر عائد تمام پابندیاں بھی معطل کردیں ۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق روس نے 2003 میں افغان طالبان کو باضابطہ طور پر دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا تھا ،تاہم 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے روس اور طالبان حکومت کے درمیان تعلقات میں بہتری آنا شروع ہوئی تھی ۔
روس کی جانب سے عائد پابندی ختم ہونے سے ماسکو اور افغان قیادت کے تعلقات مزید بہتر ہونے اور تعاون بڑھانے کی راہ ہموار ہونےکا امکان ہے ۔
خیال رہے کہ اگست 2021 میں دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد سے کوئی بھی ملک اس وقت طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کرتا۔ تاہم روس بتدریج طالبان کے ساتھ تعلقات استوار کر رہا ہے ۔
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے گزشتہ برس اپنے ایک بیان میں طالبان حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا اتحادی بھی قرار دیا تھا ۔
جس کے بعد پہلے پارلیمان کی منظوری اور پھر اٹارنی جنرل کی درخواست پر روسی سپریم کورٹ نے طالبان کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا ۔