اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کسی بھول میں نہ رہے ہم ا پنا تحفظ کرنا جانتے ہیں، پچھلی دفعہ ٹی فنٹاسٹک تھی اس دفعہ مار فنٹاسٹک پڑے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا ء اللہ تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ہمارا پانی روکا تو پھر بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے ، ہم عالمی سطح پر پہلگام واقعے کی غیر جانبدرانہ تحقیقات کے لیے تیار ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے بھارت میں اس واقعے کیخلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، بھارت کا پروپیگنڈا پٹ گیا ہے، بھارتی صحافی کہہ رہے کہ ہمارا بیانیہ کوئی نہیں لے رہا، نیوی آفیسر جوڑے کی جعلی ویڈیو لگائی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام کے معاملے پر ہمارے دوست ممالک سے رابطے ہوتے ہیں ، اس کیس میں بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگایا ، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی کوشش کی جبکہ یہ واقعہ بھارت کے انٹیلی جنس کی ناکامی کا نتیجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھول میں نہ رہیں پاکستان ہر وقت تیار رہتا ہے، ہم اپنے دوست ممالک کو بریفنگ دے رہے ہیں یہ ہمارا فرض بنتا ہے، بھارت جائے کسی انٹرنیشنل فورم پر، ان کا کیس کوئی نہیں مانے گا ان کو شرمندگی ہوگی ، بھارت نے بچگانہ فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے پر عمل درآمد ممکن ہی نہیں اور یہ بس سیاسی مقاصد کا فیصلہ تھا ۔