تہران: ایران کی رجائی بندرگاہ پر زوردار دھماکے میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی، جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ خوفناک دھماکہ جنوبی ایران کے شہر بندر عباس کی شہید رجائی بندرگاہ سے منسلک دفتر میں ہوا ۔
دھماکے کے بعد بندرگاہ کے ایک حصے میں آگ بھڑک اُٹھی، امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، متضاد اطلاعات کے مطابق دھماکے میں زخمیوں کی تعداد 500 سے زائد ہوگئی ۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ابتدائی طور پر 4 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کئی کلومیٹر دور واقع عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور متعدد علاقوں میں زلزلے جیسے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
ایرانی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں ۔