وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاک فوج کی بہادری اور قربانیوں کو تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا اور یہ کارنامے نسل در نسل کتابوں میں منتقل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ہر محاذ پر کامیابی عطا فرمائی ہے، اور اب ہماری جنگ دہشت گردوں کے خلاف جاری ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے پاک افواج کی حالیہ کامیابیوں پر مسلح افواج کے سربراہان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کی فوج ایک عظیم روایت کی علمبردار ہے جو ہر مشکل گھڑی میں قوم کی ڈھال بنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے ہر لمحہ قوم کی قیادت کی ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ حکومت ہر قدم پر اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کے مطابق، ہماری نوجوان نسل کو ملکی تاریخ سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ انہیں معلوم ہو کہ پاکستان کن قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔
خواجہ آصف نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد سے آج تک بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف سازشیں کی ہیں۔ 10 مئی کی رات کو انہوں نے ایک فیصلہ کن موڑ قرار دیا، جس میں پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اس بار پہلے سے بھی زیادہ سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ "ایک وقت تھا جب بھارت کے 10 جنگی طیارے ہمارے نشانے پر تھے، اور ہم نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ آئندہ بھی اگر ایسا ہوا، تو طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا،” وزیر دفاع نے دو ٹوک انداز میں کہا۔