وزیراعظم شہباز شریف نے کیش لیس نظام کو فروغ دینے کیلئے ڈیجیٹل لین دین کو آسان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا نظام قائم کرنا انتہائی اہم ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس اکانومی سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، چیئرمین ایف بی آر، گورنر سٹیٹ بینک سمیت دیگر متعلقہ وزرا اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ڈیجیٹل پبلک انفرا اسٹرکچر کمیٹی اور گورنمنٹ پیمنٹس کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی ،خصوصی سب کمیٹیاں ادائیگیوں، ڈیجیٹل نظام سے متعلق آگاہی اور سفارشات پیش کریں گی ۔
وزیراعظم نے ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام راست کو وفاق سمیت تمام صوبوں میں قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا نظام قائم کرنا انتہائی اہم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اور کامیاب معیشتوں میں کیش لیس نظام کو ترجیح دی جا رہی ہے، لین دین، ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام کے قیام کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لائی جائے ۔
شہباز شریف نے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان لین دین کو کیش لیس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بینکاری نظام کے تحت زیر گردش رقوم کو حکومتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔