کراچی کےعلاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع فلیٹ سے معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی ہے ،پولیس کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ لاش کئی روز پرانی ہے، تاہم ابتدائی تحقیقات میں موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ۔
کراچی: ڈی آئی جی ساؤتھ زون سید اسد رضا کے مطابق معروف اداکارہ حمیرا اصغر علی کی لاش اتحاد کمرشل، فیز VI میں واقع ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ گِزری پولیس مقامی عدالت کے حکم پر فلیٹ خالی کرانے کے لیے پہنچی تھی، جب پولیس پارٹی نے سہ پہر سوا تین بجے دروازہ کھٹکھٹایا تو اندر سے کوئی جواب نہ آیا، پولیس تالہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو اداکارہ مردہ حالت میں پائی گئیں، مرحومہ اداکارہ مذکورہ فلیٹ میں کرایہ پر رہ رہی تھیں ۔
ڈی آئی جی اسد رضا کے مطابق بادی النظر میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ لاش کئی روز پرانی ہے، تاہم ابتدائی تحقیقات میں موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے ۔