خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں دوسرے روز بھی آپریشن سربکف جاری رہا ،اس دوران ماموند کتحصیل کے مختلف 16 علاقوں میں کرفیو کا نفاذ بھی جاری رہا ۔
باجوڑ: آپریشن سربکف میں دو روز کے دوران 7 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے ، جبکہ دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپوں میں 3 سیکیورٹی اہلکار اور 3 عام شہری بھی شہید ہو گیے ہیں ۔
باجوڑ کے علاقے ماموند میں دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن سربکف 29 جولائی کو شروع کیا گیا تھا جو دوسرے روز بھی جاری رہا ۔
باجوڑ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حیات آفریدی کے مطابق 10 زخمیوں کو اب تک ہسپتال لایا گیا ہے جن کا علاج جاری ہے ۔
انہوں نے 3 عام شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق بھی کی ہے ، دوسری جانب ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کا کہنا ہے کہ ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نافذ ہے ۔
ڈی سی باجوڑ کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں اور ان کو ہسپتالوں میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔