بنوں میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشتگردی کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کامیاب آپریشن کے دوران چھ خطرناک دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ انٹیلیجنس اطلاعات پر مبنی مشترکہ کارروائی میریان کے علاقے میں انجام دی گئی، جہاں پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے تمام خفیہ ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بنوں سجاد خان نے بتایا کہ یہ آپریشن گزشتہ رات سے جاری تھا جس کے نتیجے میں چھ دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تین دہشتگردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آر پی او کے مطابق آپریشن کے دوران مزید 25 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔
یہ آپریشن ایک بڑی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس کا مقصد علاقے میں قیامِ امن کو یقینی بنانا اور دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمہ ہے۔