پشاور (حسن علی شاہ) خیبر ٹی وی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ہر سال 4 اگست کو خیبر پختونخوا پولیس فورس کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی شو نشر کرتا ہے۔ اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، اس سال بھی پشاور میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں دہشت گردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو یاد کیا گیا اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی آمین گنڈاپور، آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری، ڈی آئی جی آپریشنز محمد علی بابا خیل، کور کمانڈر پشاور، کمشنر پشاور اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ علی آمین گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے وطنِ عزیز کی سالمیت اور دہشت گردی کے خلاف جس جرات اور بہادری سے قربانیاں دی ہیں، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جنوبی اضلاع میں نئی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی، پولیس کو جدید اسلحہ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک مضبوط اور جدید پولیس فورس وقت کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے پولیس ویلفیئر فنڈ کو ایک ارب روپے تک بڑھانے اور شہداء کے بچوں کو فی کس 50 ہزار روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔
یاد رہے کہ 4 اگست 2025 کو منعقد ہونے والی یہ خیبر پختونخوا پولیس فورس کے شہداء اور غازیوں کی 11ویں سالانہ تقریب تھی۔ اس یادگار شو کی میزبانی جمشید علی خان اور مینہ شمس نے کی، جبکہ اسسٹنٹ جنرل منیجر پروڈکشن فہمید خان نے اسے پروڈیوس کیا۔