خاتون کو سرعام برہنہ کرنے اور ہائی جیکر کو پناہ دینے پر سزائے موت ختم کرنے کے لیے سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی فوجداری قوانین میں ترامیم کا بل منظور کرلیا، قومی اسمبلی میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام اور غیرت کے نام پر قتل کے خلاف اور غزاہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھی قراردادیں کثرتِ رائے سے منظور کر لی گئیں ۔
اسلام آباد: سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم تارڑ نے فوجداری قوانین ترمیمی بل 2025 ایوان میں پیش کیا ۔
وزیر قانون اعظم تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ بل کے تحت فوجداری قوانین میں دو ترامیم لائی جا رہی ہیں، پہلی ترمیم شق 354 اے سے متعلق ہے، یہ شق خاتون کے کپڑے پھاڑنے کی سزا کا احاطہ کرتی ہے، سابق صدر ضیاالحق کے دور میں خاتون کے کپڑے پھاڑنے پر سزا ئے موت متعارف کرائی گئی تھی، تاہم اس شق کا غلط استعمال کیا جاتا ہے ۔
وزیر قانون نے کہا کہ354 کو 354اے میں بدلنے پر تھانوں میں رشوت چلتی ہے، ترمیم کے تحت اس جرم پر سزائے موت ختم کر کے سزا کم کی جا رہی ہے ۔
وزیر قانون نے بتایا کہ دوسری ترمیم سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں لائی گئی شق 402 سی سے متعلق ہے، یہ شق ہائی جیکنگ کے ملزم کی کسی دوسرے شخص سے ملاقات یا تعلقات پر اس شخص کو بھی سزائے موت دینے کی سزا تجویز کرتی ہے، ترمیمی بل کے تحت ہائی جیکنگ کے ملزم سے ملاقات یا تعلقات پر سزائے موت ختم کی جا رہی ہے ۔
غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قرارداد منظور: ۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام اور غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی گئی ۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے ۔
وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد سوشل میڈیا کے درست استعمال کے لیے قوانین بنائے، ڈیجیٹل حقوق، قواعد اور اخلاقیات کی آگاہی کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔
غزہ صورتحال یکجہتی کی قرارداد بھی منظور: ۔
اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی شازیہ مری نے ایوان میں غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی قرارداد پیش کی ۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری بربریت اور اشتعال انگیز اعلانات کی شدید مذمت کرتا ہے، غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی ترسیل کو روکنا تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان عالمی برادری سے تمام فوری اور مناسب اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتا ہے اور انصاف اور حق خود ارادیت کے لئے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتاہے، قرارداد میں غزہ کے بہادر اور جرات مند عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا گیا ہے ۔