خیبرپختونخوا حکومت نے ونٹر زون میں کالجز اور جامعات کو آج سے 25 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے اس سلسلے میں باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ حالیہ بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور لینڈسلائیڈنگ کے خطرات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ حکم نامے کے مطابق 19 اگست سے 25 اگست 2025 تک ونٹر زون کے تمام کالجز اور جامعات بند رہیں گے۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مطابق یہ قدم طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جہاں ممکن ہو وہاں تدریسی سرگرمیاں آن لائن جاری رکھی جا سکتی ہیں تاکہ طلبہ کا تعلیمی نقصان کم سے کم ہو۔
مزید برآں، صوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ریلیف دینے کے لیے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے 21 اگست تک خیبرپختونخوا اور پنجاب میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کی شدت معمول سے 50 فیصد زیادہ ہو گی۔ شمالی علاقہ جات اور پوٹھوہار کو زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال اور اٹک میں کلاؤڈ برسٹ کے خطرات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔