خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد آنے والے سیلاب نے ہر طرف تباہی پھیلا دی ہے۔ مکانات، دکانیں، بازار، مارکیٹیں اور پلازے زمین بوس ہوچکے ہیں، جبکہ رابطہ پل اور سڑکیں بھی بہہ جانے سے آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ سیلابی ریلوں نے نہ صرف تعلیمی اداروں جیسے اسکولز اور کالجز کو نقصان پہنچایا بلکہ مال مویشی اور منڈیاں بھی برباد ہوگئی ہیں۔
اس ہولناک تباہی کے نتیجے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد سیکڑوں تک جا پہنچی ہے جس نے متاثرہ عوام کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ ایسے کٹھن وقت میں خیبر نیوز نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے متاثرین کی آواز بننے کا عملی ثبوت دیا ہے۔ چینل کی نمائندہ ٹیم بروقت متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہے اور وہاں کی اصل صورتحال کو منظر عام پر لارہی ہے۔
محمد وسیم اپنی رپورٹنگ ٹیم کے ہمراہ تباہ حال بستیوں میں موجود ہیں اور نہ صرف عام شہریوں بلکہ خیبر پختونخوا حکومت اور وفاقی حکومت کو بھی متاثرین کی تکالیف اور مسائل سے مسلسل آگاہ کر رہے ہیں۔ ان کی رپورٹنگ نے متاثرین کی مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے امدادی اداروں اور متعلقہ حکام کی توجہ مبذول کروانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔