وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے خیبر نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور خیبر ڈیجیٹل کے سی ای او کیوان حامد راجہ نے اسلام آباد، اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے خیبر نیٹ ورک کی گزشتہ دو دہائیوں سے کمیونٹی کے لیے خدمات کو سراہا اور ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا اور افغانستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں خیبرنیوز کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔
انہوں نے خطے میں جاری سیلابی صورتحال کے دوران مستند معلومات تک رسائی کے علاوہ خیبر نیٹ ورک کی ایلی تنظیم ساوی کی جانب سے امدادی سرگرمیوں اور خدمات کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مشکل حالات میں خیبر نیٹ ورک کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں اور یہ ادارہ خطے کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
کیوان حامد راجہ نے اس موقع پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خیبر نیٹ ورک سماجی بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں خطے کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔