پشاور(شوبز ڈیسک) پاکستان ڈائریکٹرز پروڈیوسرز رائٹرز اینڈ آرٹسٹ ایسوسی ایشن نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت خطیر رقم جمع کرلی ہے۔ تنظیم کے چیئرمین سجاد اورکزئی اور رشید سہیل پراچہ نے میڈیا کو بتایا کہ ممبران اور عہدیداروں نے مشترکہ طور پر فنڈز اکٹھے کیے ہیں جبکہ مزید عطیات وصول کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
ان رہنماؤں کے مطابق جمع شدہ امدادی رقم اور آشیانہ ضروریہ ایسوسی ایشن کی مشاورتی کونسل کی مشاورت اور منظوری کے بعد متاثرہ علاقوں تک پہنچائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے جو براہ راست باجوڑ، دیر، سوات اور بونیر کے متاثرین تک جائے گی اور وہاں مستحقین میں امدادی سامان اور رقوم تقسیم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے تمام ممبران اس بات پر متفق ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہونا سب کا فرض ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔