وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بحریہ ٹاؤن سےمنسلک حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا، ایف آئی اے نے بحریہ ٹاؤن کی غیر قانونی سرگرمیوں کے سلسلے میں اب تک 17 مقدمات درج کرکے 13 افراد کو گرفتار کرلیا ۔
اسلام آباد/ راولپنڈی: ایف آئی اے کے پریس ریلیز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایف آئی اے اور نیب کے بحریہ ٹاؤن کے دفاتر پر مارے گئے چھاپوں کے دوران انتہائی اہم ریکارڈ قبضے میں لیا گیا، جس کے نتجے میں تحقیق اور تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔
بیان کے مطابق چھاپوں مار کارروائیوں اور شواہد پر مبنی انٹیلی جنس کے ذریعے 2 بڑے حوالہ ہنڈی نیٹ ورکس کو کامیابی سے ختم کردیا گیا، کارروائیوں کے دوران 200 سے زیادہ فائلیں برآمد کی گئی ہیں، جن میں بدعنوان مالیاتی طریقوں، غیر قانونی منتقلی اور غیر علانیہ دولت کے وسیع ثبوت موجود ہیں ۔
تفتیش کے دوران کرپشن کی مد میں حاصل اربوں کے اثاثوں کی نشاندہی کرکے انہیں ضبط کرلیاگیا، بحریہ ٹاؤن کے سینئر عملے کی گرفتاری اور تفتیش کے دوران حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ کا مکمل نیٹ بے نقاب ہوا ۔