پشاور(شوبز ڈیسک) خیبر ٹیلیویژن پشاور سینٹر سے نشر ہونے والا ہفتہ وار عوامی شو "گارڈ روم” مقبولیت کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ طنز و مزاح اور تنقید برائے اصلاح پر مبنی یہ پروگرام ناظرین کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور ہر ایپیسوڈ میں عوامی مسائل کو دلچسپ اور تفریحی انداز میں اجاگر کیا جاتا ہے۔
اس شو میں نامور کامیڈین شہنشاہ آفریدی مرکزی کردار "گارڈ” کے اسٹاک کریکٹر میں شاندار پرفارمنس پیش کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ اسٹیج پر جمشید مردانے فقیر حسین، زینب، سعید خان رخسار اور امتیاز طوطی بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یہ فنکار معاشرتی ناہمواریوں اور حل طلب مسائل کو ہلکے پھلکے اور مزاحیہ انداز میں سامنے لاتے ہیں، جس سے پروگرام نہ صرف دلچسپ بلکہ بامقصد بھی بن جاتا ہے۔
ہر قسط میں مختلف سرکاری و نجی اداروں کی کوتاہیوں، بددیانتی اور عوامی مسائل پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔ پروگرام کے پروڈیوسر اور لکھاری فہیمید خان ہیں، جو اس پراجیکٹ کو تخلیقی اور فکری طور پر آگے بڑھا رہے ہیں۔