پشاور (حسن علی شاہ سے) خیبر ٹیلیویژن بلوچستان نے حال ہی میں ایک شاندار اور یادگار مشاعرہ نشر کیا جسے ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ اس گرینڈ مشاعرے کے میزبان اور پروڈیوسر معروف شاعر اور ادیب امان اللہ ناصر تھے، جنہوں نے اپنے منفرد انداز سے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
اس مشاعرے میں بلوچستان کے نامور اور قابلِ قدر شعرا نے شرکت کی اور اپنے کلام سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ شرکت کرنے والے شعرا میں ڈاکٹر حفظ نیازی، نقیب اللہ احساس، ڈاکٹر عبداللہ لناشناس، عادل اچکزئی، محمد نسیم، شیر احمد اکمل، خلیل اللہ، محمد غوٹ ہمدرد اور کفیل قربان شامل تھے۔ ہر شاعر نے اپنی تخلیقات کے ذریعے بلوچستان کی ادبی روایت، معاشرتی اقدار اور فکری ورثے کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا۔
یہ مشاعرہ خیبر ٹیلیویژن کے مقبول شو "سیلونہ او سفرونہ” کے خصوصی حصے کے طور پر نشر کیا گیا۔ "سیلونہ او سفرونہ” ایک دلچسپ اور معلوماتی روڈ شو ہے جو اپنی انفرادیت اور مواد کے باعث ناظرین میں بے حد مقبول ہے۔ پروگرام میں ادب، ثقافت اور فنونِ لطیفہ کو منفرد انداز میں پیش کیا جاتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ یہ ہر عمر کے ناظرین کی پسندیدہ نشریات میں شامل ہے.