پشاور (شوبز ڈیسک) کویت میں مقیم پشتون برادری کے سرکردہ رہنما غوث خان آفریدی اور انعام اللہ آفریدی نے اخبار خیبر سے ملاقات میں کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی کویت میں رہتے ہوئے بھی خیبر ٹیلی ویژن کے تمام پروگرامز کو باقاعدگی سے دیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق کویت میں مقیم سینکڑوں پشتون خاندان نہ صرف ڈرامے بلکہ میوزک اور دیگر شوز بھی اپنی فیملیز کے ساتھ شوق سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر ٹیلی ویژن کے پروگرام ہمیں اپنے وطن کی یاد دلاتے ہیں اور دیارِ غیر میں اجنبیت کا احساس کم کرتے ہیں۔ یہ شوز ہمیں نیا حوصلہ، تازگی اور خوشی فراہم کرتے ہیں۔ غوث خان آفریدی اور انعام اللہ آفریدی نے مزید کہا کہ خیبر ٹیلی ویژن دنیا بھر میں پشتونوں کی عظیم ثقافت اور شاندار روایات کو اجاگر کر رہا ہے اور ہمارے آبا و اجداد کی عظمت رفتہ کو عالمی سطح پر متعارف کروا رہا ہے۔