ایشیا کپ کے گیارہویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کی دوڑ سے باہر کر دیا، افغانستان کے 170 رنز کا ہدف سری لنکا نے 19ویں اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کردیا ۔
ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے تاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز سکور کیے ۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے محض 22 گیندوں پر 60 رنز بنائے جس میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، محمد نبی نے دُنیتھ ویلالگے کو آخری اوور میں 5 چھکے مارے ۔
کپتان راشد خان 24، ابراہیم زادران 24، صدیق اللہ اتل 18، رحمان اللہ گرباز 14، درویش رسولی 9، عظمت اللہ عمرزئی 6 اور کریم جنت 1 رن بناکر پر آؤٹ ہوئے ۔
سری لنکا نے 170 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 18.4 اوورز میں حاصل کیا، کوشال مینڈس نے 74 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، کمنڈو مینڈس بھی 13 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے،کوشال پریرا 28، کپتان چرتھ اسالانکا 17، پتھم نسانکا 6 اور کامل مشرا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، مجیب الرحمان اور نور احمد نے 1، 1 وکٹ حاصل کی، میچ میں شکست کے بعد افغانستان کی ٹیم ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے سے باہر ہو گئی ۔