خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت اور کرک کی سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 17 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق مُلا نذیر گروپ سے تھا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں مُلا نذیر گروپ کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر 26 اور 27 ستمبر کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں پاک فوج، سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور محکمہ انسداد دہشتگرد (سی ٹی ڈی) نے حصہ لیا ۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، آپریشن میں بھارتی پراکسی یافتہ 17 دہشتگرد ہلاک کر دیےگئے ۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گردسکیورٹی فورسز، قانون نافذکرنے والےاداروں کے خلاف دہشگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد معصوم شہریوں کےقتل سمیت کئی دہشتگردانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث تھے، کسی بھی دیگر بھارت نواز دہشتگردوں کے خاتمے کے لیےکلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔
پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے ملک سے بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔