قومی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں شان مسعود ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے جبکہ 3 نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے،3 نئے کھلاڑیوں آصف آفریدی، فیصل اکرم اور روحیل نذیر کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔
اسلام آباد(ارشد اقبال) جنوبی افریقہ کے خلاف اعلان کردہ سکواڈ میں ڈومیسٹک کرکٹ کے مایاناز لفٹ آرم سپن باولر(آل راونڈر) آصف آفریدی کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح جنوبی افریقہ کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں سپن جال میں پھنسانے کی تیاری کی جارہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آصف آفریدی کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔
اگر آصف آفریدی کے اب تک کے ڈومیسٹک کرکٹ کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے اب تک 57 فرسٹ کلاس میچز میں 198 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں ، جس میں 2 بار 10 وکٹیں، 13 بار 5 وکٹیں اور 8 بار 4 وکٹیں بھی شامل ہیں ۔ ان کی سب سے بہترین بولنگ 204 رنز دیکر 11 وکٹیں ہیں ۔
اسی طرح لسٹ اے کے اب تک 60 میچز میں آصف آفریدی نے 83 وکٹیں حاصل کی ہیں ،ٹی ٹوینٹی کے 85 میچز میں وہ اب تک 78 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں ۔ لسٹ اے میں ان کی بہترین بولنگ 31 رنز کے عوض 5 وکٹیں ہیں جبکہ ٹی ٹوینٹی میں بہترین بولنگ 26 رنز دیکر 5 وکٹیں ہیں ۔
آصف آفریدی صرف ایک باولر نہیں بلکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں بیٹنگ بھی خوب کرلیتے ہیں اور انہوں نے فرسٹ کلاس کے 57 میچز میں 19.40 کی اوسط سے 1648رنز بھی بنا لئے ہیں جن میں ایک سنچری او ر 8 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔
اسی طرح لسٹ اے کے 60 میچز میں 699 رنز بنا چکے ہیں جن میں ان کی سٹرائیک ریٹ بھی 100 سے زائد ہے اور 4 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔
اگر ٹی ٹوینٹی فارمیٹ کی بات کی جائے تو 85 ٹی ٹوینٹی میچز میں وہ 14.65 کی اوسط سے 129.87 کی سٹرائیک ریٹ کیساتھ 395 رنز بنا چکے ہیں جن میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے ۔
آصف آفریدی اب تک پی ایس ایل میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے ساتھ ساتھ آئیل اینڈ گیس کمپنی، ایبٹ آباد فالکنز ، فاٹا چیتاز، فاٹا ریجن اور ایبٹ آباد کی ٹیموں کا بھی حصہ رہے ہیں ۔
گو کہ آصف آفریدی پر پی سی بی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے تحت فروری 2023 میں 2 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی اور اب وہ اپنی سزا پوری بھی کر چکے ہیں تاہم ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی پر ان کو ٹیم شامل کیا گیا ہے تاکہ جنوبی افریقن ٹیم کو سپن بولنگ کے جال میں پھنسایا جا سکے ۔
جنوبی افریقہ کے خلاف سکواڈ میں آصف آفریدی کی شمولیت ایک اچھا فیصلہ ہے ، وہ جنوبی افریقہ کیلئے بالکل نئے بولر ہونگے اور ان کی نیپی تلی بولنگ کے سامنے جنوبی افریقن ٹیم کے بیٹرز کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، دوسری جانب وہ بیٹنگ بھی کر سکتے ہیں اور جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کے سامنے قومی ٹیم کو آخری کھلاڑیوں تک بیٹنگ کی بھی ضرورت رہے گی ۔