راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے آزاد جموں و کشمیر کے 16ویں وزیرِ اعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا، وزیرِاعظم شہباز شریف نے نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے نو منتخب وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ خطے کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔
مظفرآباد: حلف برداری کی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد کی گئی، سپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی چودھری لطیف اکبر نے حلف لیا ۔
پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے راجہ فیصل ممتاز راٹھور پیر کے روز نئے وزیرِ اعظم منتخب ہوئے تھے، جب چودھری انوارالحق کو خطے کی قانون ساز اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا ۔
سپیکر نے یہ ذمہ داری اے جے کے کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کی جانب سے انجام دی، جو اپنی صحت کے مسائل کی وجہ سے دارالحکومت کا سفر نہیں کر سکے ۔
حلف اٹھانے کے بعد راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ سب سے پہلے میں دل کی گہرائیوں سے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس بھاری ذمہ داری کو میرے کمزور کندھوں پر ڈال دیا ۔
نو منتخب وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان فرائض کو انجام دینا اس انتہائی مشکل دور میں ’آسان کام نہیں ہوگا‘ لیکن یقین تھا کہ اللہ ایسے لوگوں کو طاقت دیتا ہے جنہیں اس طرح کے منصب سونپے جاتے ہیں ۔
دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف نے نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کو فون کال میں دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دی کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیرِ اعظم منتخب ہوئے ہیں ۔
اس سے پہلے آج وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نو منتخب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو یقین دہانی کرائی کہ خطے کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

