وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ اور گورنر خیبرپختونخوا کے درمیان صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں خاص طور پر سرحدی علاقوں میں درپیش سکیورٹی مسائل، موجودہ چیلنجز اور خوارجی عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ کو خیبرپختونخوا میں امن و امان کے حوالے سے اقدامات، مشکلات اور سکیورٹی اداروں کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کا قیام وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کو ہر سطح پر مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت جاری ہیں اور دہشت گرد عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط اور مشترکہ اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

