نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پشاور کے علاقے یونیورسٹی ٹاؤن میں کامیاب ٹریپ ریڈ کے دوران خواتین کو بلیک میل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت فدا اللہ کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق ضلع چترال سے بتایا جا رہا ہے۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف ایک خاتون کی جانب سے بلیک میلنگ کی باقاعدہ ایف آئی آر درج کروائی گئی تھی۔ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم کے پاس خاتون کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز موجود تھیں اور وہ انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کر رہا تھا۔
ایف آئی آر کی بنیاد پر این سی سی آئی اے نے خفیہ معلومات کے تحت یونیورسٹی ٹاؤن پشاور میں ٹریپ ریڈ کیا، جس کے نتیجے میں ملزم فدا اللہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون بھی برآمد کیا گیا جس میں مبینہ طور پر نازیبا تصاویر اور ویڈیوز موجود تھیں۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ موبائل فون کو فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو ہراساں کرنے یا بلیک میل کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

