وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کراچی کے دورے پر پہنچ گئے، جہاں کراچی ایئرپورٹ پر ان کا شاندار اور فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ، شوکت بسرا اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ کی قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد نے ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا استقبال کیا اور پارٹی نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور ان کے ہمراہ آنے والے کابینہ کے ارکان کو سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک پیش کی، جس پر وزیراعلیٰ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے سندھ کی ثقافت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے دورۂ کراچی کے دوران کراچی، حیدرآباد، کورنگی، ملیر، جامشورو اور کیماڑی سمیت مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وہ پی ٹی آئی کے پارلیمنٹرینز، صوبائی و ضلعی قیادت اور پارٹی تنظیموں کے عہدیداران سے ملاقاتیں کریں گے۔
شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ میڈیا نمائندوں سے گفتگو، بار ایسوسی ایشنز اور وکلا کنونشن سے خطاب کریں گے، جبکہ مزارِ قائد پر حاضری، پارٹی کارکنان سے خطاب اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات بھی دورے کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ اسیران سے ملاقات، اسٹریٹ موومنٹ اور پبلک موبیلائزیشن سے متعلق سرگرمیاں بھی شیڈول میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین، خیبرپختونخوا سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی کراچی پہنچے ہیں۔ سیاسی حلقوں کے مطابق یہ دورہ بین الصوبائی روابط اور پارٹی تنظیم کو متحرک کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

