بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میرانشاہ روڈ پر دوسرے روز بھی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے بنوں کے علاقے بکاخیل میں سرکلر روڈ پر خطرناک آئی ای ڈی بم نصب کیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا اور بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ای ڈی بم میں بڑی مقدار میں بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، جس سے بڑے جانی نقصان کا خدشہ تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر میرانشاہ روڈ پر دوسرے روز بھی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر بنوں کی سفارش پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ و قبائلی امور نے کرفیو کے احکامات جاری کیے۔ اعلامیے کے مطابق بنوں آر پی او آفس سے میرانشاہ غلام خان بارڈر تک سڑک پر آج بروز اتوار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔
کرفیو کے دوران عام شہریوں اور نجی گاڑیوں کی آمد و رفت پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ میرانشاہ روڈ کے اطراف رہائش پذیر شہریوں کو پیشگی آگاہ کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات عوام کی جان و مال کے تحفظ اور سیکیورٹی صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

