سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اپنی وفاداری کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور سیاست دانوں کو اشرافیہ کے مفادات کے بجائے عام عوام کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے عوام کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ادویات، بجلی کے بلوں اور بچوں کی تعلیم کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہیں، اس لیے ملکی نظامِ حکمرانی کو عوامی فلاح کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے قانون سازوں پر زور دیا کہ ایسی قانون سازی کی جائے جو براہِ راست عوام کے مفاد میں ہو۔
قائدِ حزبِ اختلاف نے اظہارِ رائے کی آزادی پر بھی زور دیا اور کہا کہ لوگوں کو خوف کے بغیر اپنی بات کہنے کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے سیاسی بحران کے حل کے لیے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کو سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔

