پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان 603 ملین ڈالر کے 3معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، یہ قرضے ایم-6 سکھر- حیدرآباد موٹروے منصوبے، انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے لیے غربت سے نجات کا منصوبہ اور آزاد جموں و کشمیر کے لیے سکول سے باہر بچوں کے منصوبے کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیے جائیں گے ۔
اسلام آباد: اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ معاہدے اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے بعد باضابطہ طور پر طے پائے ۔
اعلامیے کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ایس ڈی بی) تقریباً 603 ملین ڈالر مالیت کے تین قرضے فراہم کرے گا، ان معاہدوں میں موٹروے کے ایک حصے کی تعمیر اور سماجی شعبے کے دو اہم منصوبے شامل ہیں ۔
یہ قرضے ایم-6 سکھر- حیدرآباد موٹروے منصوبے، انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے لیے غربت سے نجات کا منصوبہ (پی جی ای پی)، جو منتخب انتہائی پسماندہ اضلاع اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں نافذ کیا جائے گا ۔
اعلامیے کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے لیے سکول سے باہر بچوں کے منصوبے کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیے جائیں گے ۔
اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے شارٹ ٹرم فنانسنگ (قلیل مدتی مالیات) کے طور پر کموڈٹی فنانسنگ کی مد میں کیے گئے 700 ملین ڈالر کے ایک اور عہد میں سے بینک نے رواں مالی سال کے پہلے 5 مہینوں میں اب تک 383.78 ملین ڈالر جاری کر دیے ہیں ۔

