ضلع مہمند کے علاقے یکہ غنڈ بازار میں ضلعی انتظامیہ نے افغان مہاجرین کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے درجن بھر دکانیں سیل کر دیں جبکہ متعدد افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اے سی لوئر مہمند اویس خان کے مطابق آج دی گئی مہلت کا آخری دن تھا اور واضح ہدایات کے باوجود جن افغان مہاجرین نے دکانیں خالی نہیں کیں، ان کے خلاف سخت کاروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار افغان باشندوں کو باعزت طریقے سے بیدخل کیا جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لوئر مہمند نے تین روز قبل یکہ غنڈ بازار میں کام کرنے والے افغان مہاجرین کو دکانیں خالی کرنے کا الٹی میٹم جاری کیا تھا، تاہم ہدایات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں آج کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ایچ او یکہ غنڈ کی قیادت میں ٹیم نے بازار میں قائم افغان باشندوں کی متعدد دکانیں سیل کر دیں اور غیر قانونی طور پر کام کرنے والوں کو حراست میں لے لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یکہ غنڈ بازار سمیت پورے علاقے میں غیر قانونی طور پر کاروبار کرنے والے افغان مہاجرین کے خلاف کاروائی جاری رہیگی اور کسی کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

