بنوں کے علاقے ڈومیل میں دو مختلف واقعات کے دوران رکن امن کمیٹی جاں بحق ہوگیا، دوسری جانب پولیس وین پر حملہ ناکام بنادیا گیا، جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔
بنو: تفصیلات کے مطابق مہاجر کیمپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے امن کمیٹی رکن پر فائرنگ کی ، فائرنگ سے امن کمیٹی رکن خواجت اللہ جاں بحق جبکہ انکا کزن نسیم اللہ شدید زخمی ہوگیا ۔
رکن امن کمیٹی خواجت اللہ مہاجر کیمپ کے قریب دکان سے سامان خرید رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی، جاں بحق اور زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ ڈومیل کے علاقے چشمی میں کمپنی روڈ پر نامعلوم دہشتگردوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا ۔
پولیس نے حملے کو ناکام بناتے ہوئے کامیاب جوابی کارروائی کی جس میں دو حملہ آور دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوگیا ۔
پولیس حکام کے مطابق ایس ایچ او صدر نواز خان بمعہ نفری معمول کے گشت پر تھے کہ اچانک ان پر حملہ ہوا جسے کامیابی سے ناکام بنادیا گیا ۔

