وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے پر اتفاق کر لیا، اس حوالے سے صدر مملکت آصف زرداری سے ایوان صدر میں وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات ہوئی جس میں ایمرجنسی کے نفاذ پر اتفاق کیا گیا ۔
اسلام آباد: ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے پر اتفاق ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہونے والی اہم ملاقات کے دوران ہوا ۔
ترجمان ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ نے کی ۔
ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم نے صدر مملکت کی معاونت کی، اجلاس میں منگل 13 اکتوبر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔
قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی صورتحال پر ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال پربھجوائی گئی رپورٹ پر غور کیا گیا ۔

