اسلام آباد میں میڈیا انڈسٹری اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور طلبہ کو عملی میدان میں بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے خیبر اکیڈمی فار میڈیا ٹیکنالوجیز، کیم ٹیک کے تحت ایٹم ایکس ڈائیلاگ کے سلسلے میں فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں اہم نشست کا انعقاد کیا گیا،نشست کا بنیادی مقصد میڈیا انڈسٹری اور اکیڈمیا کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے، طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور انہیں تعلیمی ڈگری کے ساتھ عملی تجربے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کرنا تھا ۔
اسلام آباد: نشست میں کيم ٹیک کی ٹیم اور فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ میڈیا کے اساتذہ نے شرکت کی، جہاں جدید میڈیا کی ضروریات، طلبہ کی عملی تربیت اور تعلیمی اداروں و میڈیا انڈسٹری کے درمیان مؤثر اشتراک کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبر ڈیجیٹل اور بانی کیم ٹیک کیوان حامد راجہ نے اساتذہ کو کام ٹیک کے وژن، قیام کے مقاصد اور اکیڈمیا و میڈیا انڈسٹری کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ کیم ٹیک کا بنیادی مقصد طلبہ کو جدید میڈیا کے تقاضوں سے روشناس کرانے اور انہیں عملی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے مؤثر مواقع فراہم کرنا ہے ۔
دوسری جانب کیم ٹیک کی ٹیم نے ادارے کے آغاز سے اب تک کے سفر، نمایاں کامیابیوں اور مختلف تعلیمی و پیشہ ورانہ اقدامات کے حوالے سے اپنی پریزنٹیشن پیش کی، جس میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ میڈیا کی عملی ضروریات کو تعلیمی نظام سے جوڑ کر طلبہ کی صلاحیتوں کو کس طرح بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔
نشست کے دوران فیڈرل اردو یونیورسٹی کے اساتذہ نے بھی اپنی تدریسی سرگرمیوں، طلبہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ تربیت اور شعبہ میڈیا میں اختیار کیے جانے والے طریقۂ تدریس کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی، اساتذہ نے بتایا کہ طلبہ کو نظریاتی تعلیم کے ساتھ عملی سرگرمیوں کے ذریعے کس طرح سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں ۔

گفتگو کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ براڈکاسٹنگ، نیوز پروڈکشن، ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر متعلقہ شعبوں میں عملی تربیت طلبہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے نہایت اہم ہے،جامعات میں موجود علمی و تدریسی مہارت اور میڈیا انڈسٹری کے عملی تجربات کو یکجا کرکے طلبہ کے لیے سیکھنے کے مزید مؤثر مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں ۔
نشست میں کیم ٹیک کے اس اقدام کو سراہا گیا اور مستقبل میں کام ٹیک اور فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان باقاعدہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، اس سلسلے میں دونوں جانب سے مفاہمتی یادداشت، یعنی ایم او یو، پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا، تاکہ مشترکہ اقدامات کو عملی شکل دی جا سکے ۔

ایٹم ایکس ڈائیلاگ کے تحت ہونے والی یہ نشست اکیڈمیا اور میڈیا انڈسٹری کے درمیان مؤثر رابطے قائم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد طلبہ کو تعلیمی ڈگری کے ساتھ عملی تربیت، انڈسٹری ایکسپوژر اور جدید میڈیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرنا ہے ۔

