وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہےکہ اسلام آباد میں نئی ماڈل جیل تیارکرلی گئی ہے، اڈیالہ جیل میں موجود قیدیوں کو اسلام آباد میں تیار جیل لائیں گے ۔
اسلام آباد: محسن نقوی نے وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ بہارہ کہو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مرکزی سڑک پر 108 کنال زمین واگزار کرانےکی ہدایت کی ۔
محسن نقوی نےکہا کہ سرکار کی 108 کنال زمین واگزار کرائیں گے، واگزار زمین پر 3 میوزیم بنائیں گے جن میں آرمی میوزیم بھی شامل ہے۔ اسلام آبادکے پرانے سیکٹرز جی 6، جی 7، جی 9 اور جی 10 کی تعمیر نوکریں گے، شہر میں تجاوزات کا خاتمہ بلا تفریق کریں گے ۔
محسن نقوی نےکہا کہ اسلام آباد میں بجلی کی ترسیل کا نظام مکمل طور پرانڈرگراؤنڈ کرنے جارہے ہیں، لیسکو کے ساتھ مل کر بجلی کےکھمبے ختم کریں گے۔کشمیر چوک انڈر پاس کو جلد مکمل کرکے ٹریفک کے لیےکھول دیں گے ۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خودکشی کرنے والے طالبہ لائبہ اعجاز کے گھر خود جا کر لوٹی ہوئی رقم کا بڑا حصہ لواحقین کے حوالے کر دیا، جبکہ بقیہ رقم بھی جلد حوالے کرنے کی یقین دہانی کرا دی ۔
اسلام آباد میں خودکشی کرنے والی اسلامک یونیورسٹی کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کے اہلخانہ سے فراڈ کرنے والے ایجنٹ نے 72 لاکھ روپے وصول کیے تھے ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری خودکشی کرنے والی طالبہ لائبہ اعجاز کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے ایک بار پھر تعزیت کی، لائبہ اعجاز کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں مقدمے میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دُعائے مغفرت کی ۔

