گورنر خیبرپختونخوا نے چیئرمین پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ رواں برس پاکستان سپرلیگ 12 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا انعقاد خیبر پختونخوا میں کیا جائے، اس حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ہمیں اس بار موقع فراہم کریں ۔
پشاور: گورنر ہاؤس میں زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی اس دفعہ ہمیں موقع فراہم کریں کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب ہم منعقد کریں، ہم امن پسند قوم ہیں ہمارے صوبے کے لوگ امن کے خواہاں ہیں اور محنت سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کھیل انتہا پسندی کی سوچ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ مدرسے کے طلباء بھی معاشرے کا حصہ ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مناسب سرپرستی فراہم کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے، ہمارا عزم ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں، ہم کھیلوں کے میدان میں بہت پیچھے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں اور آگے بڑھنے کے مواقع دینا ضروری ہے ۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جب ہمارے ادارے مل کر کام کرتے ہیں تو دنیا کو ایک مثبت پیغام جاتا ہے، کھیلوں سے برداشت اور مقابلے کی قوت پیدا ہوتی ہے، جبکہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرتے ہیں ۔

